واشنگٹن (ویب نیوز ) امریکا نے افغانستان کی طالبان حکومت سے تجارت اور مالی لین دین کی اجازت دے دی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکا نے افغانستان کے لیے ”جنرل لائسنس 20“ پالیسی متعارف کرائی ہے جس کا مقصدر افغانستان کی مفلوج معیشت کو بحال کرنا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ”جنرل لائسنس 20“ پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پالیسی صرف انسانی امداد اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے متعارف کرائی گئی ہے، طالبان پر امریکی پابندیاں برقرار رہیں گی۔
اس سے نہ صرف افغان عوام تک امدادی سامان پہنچ سکے گا بلکہ کاروباری سرگرمیاں بھی بڑھ جائیں گی، پالیسی سے بینکنگ، انفراسٹرکچر، تجارت، نقل و حمل، ٹیلی کمیونیکیشن اور معلوماتی لین دین سمیت درجن بھر شعبے مستفید ہوں گے۔ انٹونی بلنکن نے کہا کہ نئے قواعد کے تحت ان افراد کی کمپنیاں، جن کے سربراہان پر امریکا نے انفرادی پابندی عائد کی تھی، اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پالیسی سے فائدہ اٹھانے والے مالیاتی ادارے، غیر سرکاری تنظیمیں، نجی کمپنیاں اور دیگر ادارے افغانستان میں مالیاتی اور تجارتی سرگرمیوں کے دوران امریکی پابندیوں کا احترام کریں گے۔
66