اسلام آباد (بدلو نیوز ) وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ملک بھر میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کے دوران ملک میں مہنگائی کی شرح میں 0.04 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 15.23فیصد تک پہنچ گئی۔اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں11.86فیصد، 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں12.87فیصد، 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں14.18فیصد، 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 14.99فیصد رہی جبکہ 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 16.61فیصدرہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے ملک میں 19 اشیائے ضروریہ مہنگی ،13 اشیائے ضروریہ سستی ہوئیں جبکہ 19کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں، ایک ہفتے کے دوران مہنگی ہونے والی اشیاء میں کھلا دودھ ، دہی، خشک دودھ، چائے کی پتی، ایل پی جی، دال چنا، چکن، مٹن، بیف، ویجی ٹیبل گھی، سرسوں کا تیل، ٹوائلٹ سوپ، کپڑا دمیت دیگراشیائے ضروریہ شامل ہیں جبکہ چینی،گڑٹماٹر،آلو،پیاز، انڈے، لہسن،آٹا، دال مونگ، دال مسور، دال ماش اور پٹرولیم مصنوعات پر مشتمل گیارہ اشیاء سستی ہوئی ہیں۔ہفتے کے دوران چکن10.47فیصد،ٹماٹر 4.08فیصد ،سرسوں کا تیل2.98فیصد،پاوڈر دودھ1.11 فیصد ایل پی جی9.45 فیصدمہنگی ہوئی ہے جبکہ آلو0.20فیصد،پیاز0.40فیصد،دال مونگ0.96 فیصد، انڈے 7.18فیصد ،لہسن 3.27فیصد ،دال مسور 0.69 فیصد، چینی0.27 فیصد، دال ماش0.16فیصد آٹا0.35 فیصد، پیڑول6.23 فیصد اورہائی اسپیڈ ڈیزل6.43 فیصد سستا ہوا۔
شیئر