دہلی ( ویب نیوز ) ”بیٹی بچاؤ، بیٹی بٹاؤ“ کے بعد بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کا ٹوئٹ سوشل میڈیا پر مذاق بن گیا۔بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے آج صبح اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کچھ تصاویر شیئر کیں اور لکھا کہ ”اپنے نوجوان دوستوں کے ساتھ پونے میٹرو پر سوار ہوں۔“ تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم اسکول کے بچوں کے ساتھ میٹرو سروس میں بیٹھے ہیں۔ نریندر مودی کا ٹوئٹ اس وقت مذاق بن گیا جب صارفین نے سوال اٹھایا کہ اتوار کے روز کون سا اسکول کھلا ہوتا ہے۔ تصاویر میں بچوں نے اسکول یونیفارم پہن رکھا ہے۔
سوشل میڈیا پر طوفان مچ گیا کہ نریندر مودی جی چھٹی والے دن کون سے اسکول چلے گئے۔ کسی صارف نے لکھا ”پبلسٹی کے لیے ضروری ہے کہ اتوار کو بھی بچے یونیفارم میں ہوں۔“ ایک صارف نے تو ایک بچی کے مردانہ سائز جوتوں کی بھی نشاندہی کر دی۔ کسی نے بھارتی وزیر اعظم کو ”جوکر“ کہا تو کوئی مودی جی کو اتوار کے دن اسکول کھولنے کی تجویز دیتا نظر آیا۔
58