111

انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر امریکہ کی رپورٹ جاری

Spread the love

واشنگٹن ( آواز خلق) امریکہ نے پاکستان پر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کرتےہوئے ذمہ داران کے خلاف ایکشن نا لینے کے حوالے سے شدید تنقید کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے ہیومن رائٹس پریکٹسس کے حوالے سے کنٹری رپورٹس 2023 جاری کردی ہیں جن میں پاکستان کے حوالے سے بھی موقف پیش کیا گیا ہے، رپورٹ میں پاکستان کے حوالے سے ماورائے عدالت قتل، حکومت کے غیر موثر اقدامات، جبری گمشدگی، سیاسی قیدیوں اور جیلوں میں جان لیوا صورتحال کے حوالے سے تنقید کی گئی ہے۔
امریکہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں دیکھی گئی ہیں جن میں انٹرنیٹ کی بندش، سول سوسائٹی کی تنظیموں کے کام پر حد سے زیادہ پابندی کے قوانین ،مذہبی آزادی کی پابندیاں، غیر قانونی طور پر شہریوں کے قتل اور جبری گمشدگی، آزادی اظہار رائے اور میڈیا کی آزادی پر سنگین سنسر شپ اور صحافیوں پر تشدد اور بلاجواز گرفتاریاں اور ان کی گمشدگیاں شامل ہیں۔
امریکی رپورٹ میں سنگین انسانی حقو ق کی خلاف ورزیوں میں ملوث عناصر کے خلاف ایکشن نا لینے کے معاملے پر حکام کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ایسا شاذونادر ہی دیکھنے کو ملا ہے کہ انسانی حقو ق کی خلاف ورزیوں میں ملوث اہلکاروں کی شناخت کی گئی ہو یا ان کو سزادینے کیلئے قابل اعتماد اقدامات کیے گئے ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں