لاہور( طیبہ بخاری سے ) اسے اچھی خبر کہیں یا دلاسہ …؟ لیکن ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ملک بھر میں 16 دسمبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 11 روپے تک کی بڑی کمی کا امکان ہے۔عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت کم ہونے کے باعث ملک میں پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 11 روپے اور ڈیزل میں فی لیٹر 9 روپے کی کمی متوقع ہے۔حکومت ٹیکس سطح کم یا زیادہ کرنے کے بعد قیمت کا حتمی تعین کرے گی۔واضح رہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل
کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔دوسری جانب کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز کو پہلے ہی گیس پریشر میں کمی اور قلت کے سبب اڑھائی ماہ کی بندش کا سامنا ہے۔سوئی سدرن جنرل انڈسٹریز کو بھی گیس بند کر کے بھی گیس قلت ختم نہیں کرسکی ہے اور شہر کے مختلف علاقوں میں گیس پریشر کمی کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔جنرل مینجر ایس این جی پی ایل تاج علی خان نے سوئی گیس کی فراہمی سے متعلق بیان دیا ہے کہ پشاور میں شام 4 بجے سے صبح 9 بجے تک سی این جی اسٹیشنز بند رہیں گے۔ شام 4 تاصبح 9 بجے سی این جی اسٹیشنز گھروں کو گیس فراہمی کیلئے بند ہوں گے، غیرقانونی کمپریسرز کے استعمال پر 64 صارفین کی گیس سپلائی منقطع کردی ہے۔اس تمام تر صورتحال کو دیکھتے ہوئے پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا امکان مہنگائی کی دلدل میں دھنسے عوام کیلئے ہلکا پھلکا ہی سہی لیکن ریلیف ضرور ثابت ہو گا .