لاہور (ہیلتھ نیوز )سردی کی شدید لہر کے باعث صوبۂ پنجاب میں نمونیا کے کیسز میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔محکمۂ صحت پنجاب کے ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر ہارون کے مطابق پنجاب میں 93 ہزار 495 افراد نمونیا سے متاثر ہوئے ہیں، جبکہ نمونیا سے متاثرہ 530 مریضوں کی اموات ہوئیں۔ 5 سال سے
کم عمر کے بچے نمونیا سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، نمونیا 5 سال سے چھوٹے بچوں کی اموات کی بڑی وجہ بھی ہے۔اس موسم میں بچوں کو سردی، گرد، دھند اور دھوئیں سے بچائیں۔سیکریٹری صحت پنجاب صالحہ سعید کے مطابق ہسپتالوں کے بچہ وارڈز میں نمونیا کے شکار بچوں کے علاج کی سہولتیں مکمل ہیں۔ ہسپتالوں میں آکسیجن، پلس آکسی میٹر اور اینٹی بائیوٹک ادویات دستیاب ہیں۔سیکریٹری صحت پنجاب صالحہ سعید کا یہ بھی کہنا ہے کہ حفاظتی ٹیکوں کے کورس میں نمونیا سے بچاؤ کی ویکسین بھی شامل ہے۔