اسلام آباد ( ویب نیوز )وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف کی الزام تراشی کے خلاف ہتک عزت کے مقدمے میں وزیراعظم عمران خان آج بطور گواہ ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے۔فواد چوہدری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ خواجہ آصف نے شوکت خانم اسپتال پر پیسے کے غلط استعمال کا الزام لگایا تھا، ہمارا خواجہ آصف کے خلاف الزام تراشی کا 2012 ء کا مقدمہ ہے اب تک فیصلہ نہیں ہوا ہے۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ کیس میں اب گواہان ویڈیو لنک کے ذریعے سماعت میں پیش ہوسکتے ہیں، وزیراعظم بھی کیس میں آج بطور گواہ ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہوئے، ہمیں امید ہے کہ اب اس کیس کا فیصلہ جلد ہوجائے گا اور خواجہ آصف جھوٹے ثابت ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ خواجہ آصف نے شوکت خانم اسپتال پر جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ کی طرح کے الزامات لگائے تھے،اگر اسی طرح الزامات لگائے گئے تو کون فلاح و بہبود کے کام کرے گا۔میڈیا ٹاک میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد
چوہدری نے گیس کی صورتحال سے متعلق بتایا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں حماد اظہر نے گیس کے معاملے پر بریفنگ دی ہے، حکومت نے بروقت ایل این جی درآمد کی،مہنگی ایل این جی ایک حد سے زیادہ سستی نہیں دے سکتے ۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں 50 ٹاپ ایکسپورٹرز کو گیس دی جا رہی ہے۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ شہزاد اکبر نے شہبازشریف کے معاملے پر اجلاس میں بریفنگ دی، شہباز شریف ، حمزہ شہباز اور دیگر ملزمان منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں، زرداری گروپ نے تو اکاؤنٹس براہ راست آپریٹ نہیں کیے شہبازشریف گروپ نے براہ راست آپریٹ کیے۔منی لانڈرنگ جیسے مقدمات کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہونی چاہیے،روز سماعت ہوگی تو نوازشریف کی طرح شہبازشریف بھی سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے پنجاب کمیٹی اجلاس کی صدارت کی جس میں انہیں خانیوال الیکشن پر بریفنگ دی گئی، الیکشن میں پیسے کے استعمال پر الیکشن کمیشن کو اقدامات کرنے چاہئیں۔ پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کیلئے ہر ہفتہ ہائی پاور کمیٹی کا اجلاس ہوگا،کمیٹی پنجاب کے میئر کے امیدواروں کو فائنل کرے گی۔