لاہور ( ویب نیوز )مسلم لیگ (ن )کے قائد نواز شریف کو ڈاکٹرز نے سفر کرنے سے روک دیا، تازہ طبی رپورٹ لاہور ہائی کورٹ میں پیش کردی گئیں ۔نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ انٹروینشنل کارڈیالوجی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فیاض شال نےتیار کی ہے اور اسے وکیل امجد پرویز کی وساطت سے عدالت میں جمع کرایا گیا ہے۔نوازشریف کی طبیعت سے متعلق رپورٹ میں ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ اینجیو گرافی کرائے بغیر لندن سے نہ جائیں،اگر وہ علاج کے بغیر پاکستان
گئے تو ان کی حالت بگڑ سکتی ہے۔میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف ابھی شدید ذہنی دباؤ میں ہیں، ذہنی دباؤ سے ان کی بیماری مزید بگڑ سکتی ہے، وہ ابھی اپنی ادویات جاری رکھیں۔رپورٹ میں ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ کلثوم نوازکی وفات کے بعدنواز شریف زیادہ دباؤ میں ہیں،وہ ذہنی دباؤ کے بغیر اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں،کھلی فضا میں چہل قدمی جاری رکھیں، چہل قدمی کے دوران کورونا سے بچاؤکے اقدامات بھی کریں۔ نواز شریف دل کے مریض ہیں ، کورونا کے سبب ان کو سانس کا مسئلہ بھی ہو سکتا ہے اور ان کی جان بھی جا سکتی ہے۔ڈاکٹر فیاض شال کا مزید کہنا ہے کہ جب تک نواز شریف کی کرونری اینجیوگرافی نہیں ہوجاتی وہ صحت سینٹر کے قریب ہی رہیں،ادویات لیتے رہیں، اس کے علاوہ کوئی سوال ہو تو میرے ساتھ رابطہ کیا جا سکتا ہے۔