50

مفت رقم منتقلی کے لیے اسٹیٹ بینک کا بڑا قدم

Spread the love

اسلام آباد(بدلو نیوز ) وزیر اعظم عمران خان نے فرد سے فرد مفت رقم منتقلی کے اسٹیٹ بینک کے فوری نظامِ ادائیگی ’راست‘کا افتتاح کر دیا۔’راست‘ سے فائدہ اٹھانے کے لیے صارفین کو اسٹیٹ بینک کا ’راست‘ لینڈنگ پیج چیک کرنا چاہیے، کہ آیا اُن کا بینک پہلے ہی ’راست‘ پیش کر رہا ہے، اور انھیں خدمات حاصل کرنے کے لیے اپنے بینک کی موبائل ایپ میں انٹرنیٹ بینکاری کے ذریعے یا بینک کی برانچ جا کر ایک بار رجسٹریشن کرانی ہوگی۔تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے ملک کے فوری پیمنٹ سسٹم ’راست‘ کے دوسرے مرحلے کا بھی آغاز ہو گیا، اس میں فرد سے فرد کو فوری ادائیگی کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔’راست‘ بینک دولت پاکستان کا ایک نمایاں اقدام ہے جو مختلف اسٹیک ہولڈرز مثلاً اداروں، کاروباری اداروں اور افراد کے درمیان کئی اقسام کے لین دین کو ممکن بنانے والے نظامِ ادائیگی کا ایک پلیٹ فارم ہے،

ادائیگی کے اس نظام کے استعمال پر کوئی فیس یا چارجز ادا نہیں کرنے پڑیں گے، ’راست‘ محفوظ اور آسان ہے اور رقم کے مقابلے میں خطرات سے بھی پاک ہے، کیوں کہ یہ بینک اکاؤنٹ کو صارف کے موبائل فون نمبر سے منسلک کرتا ہے، جسے ’راست‘ شناخت (آئی ڈی) کہا جاتا ہے۔ یہ سہولت بینکوں کی موبائل ایپ اور انٹرنیٹ بینکاری پورٹل پر استعمال کی جا سکے گی، جن لوگوں کے پاس موبائل فون یا انٹرنیٹ بینکاری کی سہولت نہیں ہے ان کے لیے بھی بینک برانچوں میں فرد سے فرد کو (پی ٹو پی) خدمات دستیاب ہیں۔ راست‘ کے پہلے مرحلے میں اداروں سے افراد کو کی جانے والی ادائیگی ممکن بنائی گئی تھی، جسے بڑے پیمانے کی ادائیگی (Bulk Payments) کہا جاتا ہے، جب کہ دوسرا مرحلہ اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ ’راست‘ کے تحت فرد سے فرد کو (پرسن ٹو پرسن) رقم کے لین دین میں سہولت دی جائے گی۔ فی الحال 18 سے زائد بینک اکثر ریٹیل ادائیگی کے لین دین پر کارروائی کرتے ہوئے ’راست‘ خدمات پیش کر رہے ہیں، آنے والے ہفتوں میں باقی بینکوں کے بھی ’راست‘ پر آنے کی امید ہے۔ ’راست‘ کے آغاز سے پاکستان اب اُن گنے چُنے ملکوں میں شامل ہوگیا ہے جو جدید ترین فوری ادائیگی کے نظام کے مالک ہیں۔واضح رہے کہ مالی سال 2021 کے دوران ریٹیل ای بینکنگ کے ذریعے 500 ارب ڈالر سے زائد مالیت کی 1.2 ارب ٹرانزیکشنز پراسیس کی گئیں، اس طرح حجم کے لحاظ سے 30.6 فی صد کی سال بسال نمو ظاہر ہوتی ہے، جب کہ مالیت کے لحاظ سے 31.1 فی صد نمو کا اظہار ہوتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں