اسلامآباد ( بدلو نیوز ) ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے وفاقی آئی ٹی سید امین الحق نےکہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے گراؤنڈ پر کوئی چیز موجود نہیں، ساڑھے تین سالوں میں اپوزیشن نے جتنی بھی کوششیں کیں وہ بھی ناکام ہوئیں۔امین الحق کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے میڈیا پر صرف شورشرابا کیا جارہا ہے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے اپوزیشن نمبر گیم میں کہیں نظر نہیں آرہی، پی ڈی ایم کو کس نے توڑا سب عوام کو معلوم ہے۔ حکومتی اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان نے عدم اعتماد کی کوششوں کو بے سود کہتے ہوئے اپوزیشن کی ملاقاتوں کو چائے کی پیالی میں طوفان قرار دیدیا۔مہنگائی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں امین الحق کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے مگر اس بات کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں چورانوے ڈالر فی بیرل تک تھیں، مہنگائی پر قابو پانے کے لیے گریڈ ایک سے 16 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافہ ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے وفد نے مولانا فضل الرحمٰن، اے این پی، لاہور میں قل لیگ اور ن لیگ کی قیادت سے ملاقاتیں کیں لیکن کسی بھی ملاقات میں تحریک عدم اعتماد پر کوئی بات نہیں ہوئی بلکہ ان ملاقاتوں کا مقصد سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے کالے قانون کے حوالے سے ایم کیو ایم کے موقف کی حمایت پر ان جماعتوں کا شکریہ ادا کرنا تھا۔ وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ بطور وزیر آئی ٹی کے دفتر میں بیٹھنا اس بات کی نشاندہی ہے کہ ایم کیو ایم وفاقی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے اور ہمارا خیال ہے کہ دو ہزار اٹھارہ کے انتخابات میں جس جماعت نے حکومت بنائی اس کو پانچ سال مکمل کرنے چاہئیں، تاہم اپوزیشن جماعتوں نے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے رابطہ کیا تو مشاورت کے بعد ہی فیصلہ کیا جائےگا۔
58