51

یورپین قیادت نے روس کے یوکرین پر حملوں کی شدید مذمت کر دی

Spread the love

بیلجیم ( نیوز رپورٹ )یورپین قیادت نے روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کو بلاجواز اور اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔یورپین کمیشن کی صدر ارسلا واندرلین اور یورپین کونسل کے صدر چارلس مشل نے یورپین دارالحکومت برسلز سے جاری اپنے ایک مشترکہ بیان میں

کہا کہ ہم یوکرین کے خلاف روسی فوج کی جارحیت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔دونوں رہنماؤں نے کہا کہ اپنی بلا اشتعال اور بلاجواز فوجی کارروائیوں سے روس بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کر رہا ہے اور یورپی اور عالمی سلامتی و استحکام کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ہم اس حملے میں ہونے والے جانی نقصان اور انسانی تکلیف پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔بیان میں روس سے مزید مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر دشمنی بند کرے، یوکرین سے اپنی فوج نکال لے اور یوکرین کی علاقائی سالمیت، خود مختاری اور آزادی کا مکمل احترام کرے ۔مذکورہ رہنماؤں نے کہا کہ طاقت اور جبر کے اس طرح کے استعمال کی 21 ویں صدی میں کوئی جگہ نہیں ہے۔یورپین یونین اس بے مثال بحران کا سامنے کرتے ہوئے یوکرین اور اس کے عوام کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔علاوہ ازیں آج کی کارروائی کے تناظر میں یورپین کونسل کا خصوصی اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے۔جس میں ان رہنماؤں کے مطابق یورپین یونین کے فوری جواب پر مشاورت کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں