کراچی ( نیوز رپورٹ )وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ عوام بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ ہیں، ہم بلاول بھٹو کو اس ملک کا وزیر اعظم بنائیں گے۔مورو میں پیپلز پارٹی کے عوامی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہاکہ مارچ کااثر دیکھیں کہ پیٹرول اور بجلی کی قیمت کم ہو
گئی۔ یہ اتنی آسانی سے جائیں گے نہیں،بلاول بھٹو، نیازی کواسلام آباد سے اٹھا کر باہر پھینکیں گے۔مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ عمران نے جن کو سرٹیفکیٹ نہیں دیا انہیں سندھ میں گندی زبان استعمال کرنے کیلئے بھیج دیا ہے۔واضح رہے کہ پی پی کے عوامی لانگ مارچ کا آج تیسرا دن ہے، شرکاء نے رات مورو میں قیام کیا، مارچ آج مورو سے سکھر روانہ ہوگا، سٹی بائی پاس پر بلاول بھٹو زرداری عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے۔مارچ سے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، خورشید شاہ، ناصر شاہ سمیت دیگر رہنما بھی خطاب کریں گے، مختلف شہروں سے ہوتے ہوئے عوامی مارچ کا پڑاؤ آج رات سکھر میں ہوگا۔پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج رات خورشید شاہ کی رہائش گاہ پر قیام کریں گے۔