اسلام آباد(بدلو نیوز ) ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہم بھارت سے دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں، پاکستان بھارت سے مذاکرات کی بحالی چاہتا ہے لیکن بھارت مذاکرات نہیں چاہتا۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، خواتین سمیت تمام کشمیریوں کے خلاف مظالم جاری ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ 27 فروری کو بھارت کو پاکستان کا منہ توڑ جواب دینے کے 3 سال مکمل ہوگئے، پاکستان نے مثالی تحمل کا مظاہرہ کر کے مادر وطن کا دفاع کیا۔ پاکستان نیوی نے بھارتی آبدوز کا پتہ چلا کر دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نئے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی تعیناتی کردی گئی، نئے سفیر کی تعیناتی خوش آئند ہے تعلقات کو فروغ ملے گا۔ ترجمان نے بتایا کہ یوکرین میں 7 ہزار پاکستانی ہیں جن میں 3 ہزار طلبا ہیں، یوکرین میں پاکستانیوں کی اکثریت پڑوسی ممالک منتقل ہوچکی ہے۔ گزشتہ 9 روز سے یوکرین میں پاکستانی سفارتخانہ انخلا کے لیے کام کر رہا ہے، 14 سو 53 پاکستانی ہنگری، رومانیہ اور پولینڈ منتقل ہوچکے ہیں۔
78