پشاور: (بدلو نیوز) پشاور میں گزشتہ روز جامع مسجد میں ہونے والے دھماکے کے مزید 5 زخمی دوران علاج انتقال کر گئے۔ شہداکی تعداد 62 ہوگئی۔ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کے مطابق دھماکے کے 37 زخمی زیر علاج ہیں، زیر علاج زخمیوں میں سے 5 کی حالت تشویشناک ہے، اسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے کے مزید 5 زخمی دوران علاج دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد اسپتال میں دم توڑنے والے افراد کی تعداد 62 ہو گئی ہے۔
ادھر پشاور کے قصہ خوانی بازار کوچہ رسالدار کی جامع مسجد میں گزشتہ روز ہونے والے خود کش حملہ کی تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق خود کش حملہ آور کی شناخت مکمل کرلی گئی جبکہ دو مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ خود کش حملہ آور اور دو سہولت کاروں کے اسکیچز مکمل کر لیے گئےہیں۔تفتیشی ٹیم کے مطابق جائے وقوعہ سے ملنے والے اعضاء کا ٹیسٹ کیا جائے گا۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ میں ملوث مکمل گروپ کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کر دیا گیا۔ ایف آئی آر میں قتل، اقدام قتل اور دہشتگردی کی دفعات شامل ہیں۔ خود کش دھماکے میں جاں بحق ہونے والے 30 سے زائد افراد کی اجتماعی نماز جنازہ گزشتہ شب جبکہ 10 افراد کی نماز جنازہ آج کوہاٹی میں ادا کی گئی۔ نمازجنازہ کے موقع پر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے۔
58