میلسی (بدلو نیوز ) تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر میلسی میں پی ٹی آئی نے اپوزیشن کے مقابلے میں پاور شو دکھا دیا، وزیر اعظم عمران خان نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ بچپن سے ہمیں یہی سکھایا گیا کہ کبھی پاکستان کو کسی کی غلامی نہ جانے دینا، جب تک مجھ میں خون ہے کسی کے آگے پاکستان کو نہیں جھکنے نہیں دوں گا۔
انھوں نے کہا ڈاکو اس لیے بول رہے ہیں کہ ان کو ڈر تھا جس دن انکار کریں باہر کے ممالک ان کی جائیدادیں ضبط کر لیں گے، یہ پیسے کی پوجا کرنے والے چپ کر کے تماشا دیکھتے رہے اور پاکستانیوں کا خون بہتا رہا، جب سے میں وزیر اعظم بنا کوئی ڈرون حملہ ہوا؟ کسی نے ڈرون حملے کی کوشش کی تو پاک فضائیہ سے کہوں گا گرا دیں۔
روس یوکرین جنگ
انھوں نے کہا ہماری روس امریکا، چین اور یورپ سب سے دوستی ہے، ہم کسی کیمپ میں نہیں، چاہتے ہیں کہ یوکرین میں جنگ بند ہو دنیا کو اس سے بہت نقصان ہو رہا ہے، جنگ کی وجہ سے تیل کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں، ہم جنگ میں کسی کا ساتھ نہیں دیں گے، امن میں سب کا ساتھ دیں گے۔
وزیر اعظم نے کہا یورپی یونین کے سفیر نے خط لکھا کہ روس کے خلاف ہماری حمایت کریں، میں یورپی یونین کے سفیر سے پوچھتا ہوں ہوں کہ یہ خط بھارت کو بھی لکھا تھا؟ کیاکسی نے بھارت کے اقدامات پر اس سے کچھ پوچھا، کیا ہم آپ کے غلام ہیں جو آپ کہیں وہ کر لیں۔
دہشت گردی کی جنگ
انھوں نے کہا کبھی ایسا ہوا کہ کسی ملک نے دوسرے کے لیے جنگ لڑی اور اسی پر بمباری ہوئی ہو، جب ڈرون حملے ہوتے تھے ان میں بے قصور لوگ مارے جاتے تھے، ان کو کوئی شرم نہیں آئی کہ ہمارے پاکستانی ہی مر رہے تھے۔
وزیر اعظم نے کہا پاکستان کو دہشت گردی کی جنگ کا حصہ بننے سے کیا ملا، 80 ہزار جانیں گنوائیں، 35 لاکھ افراد نے نقل مکانی کی، ہماری معیشت کو 150 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، اور بجائے شکریہ ادا کرنے کے افغانستان میں جنگ ہارنے پر ہمیں ذمے دار ٹھہرا دیا۔
تحریک عدم اعتماد
عمران خان نے کہا یہ لوگ کون ہیں جو عدم اعتماد کی تحریک چلا رہے ہیں، ان کی عدم اعتماد کی تحریک ناکام ہوگی، جب تحریک ناکام ہوگی تو کیا آپ تیار ہیں جو میں آپ کے ساتھ کروں گا؟
انھوں نے کہا مجرم نمبر ایک نواز شریف جھوٹ بول کر منتیں کر کے باہر چلا گیا، ن لیگ والو بتاؤ کبھی گیڈر بھی لیڈر بن سکتا ہے، آصف زرداری ذرا شریفوں کو یاد کرانا، کہا تھا کہ جیل میں ٹشو ختم ہو گئے نواز شریف کے آنسو تھمتے تھمتے۔