ایلون مسک کے پلیٹ فارم ایکس ( ٹوئٹر) نے مزاح نگار باسم یوسف کا اکاؤنٹ ہٹا دیا جس کے 11 ملین سے زیادہ فالوورز تھے۔
انہوں نے یوٹیوب اور سپاٹیفائی جیسے پلیٹ فارمز پر مختلف پوڈکاسٹ میں فلسظین کے لیے آواز اٹھا ئی ہے۔ اسرائیلی بربریت کے شکار فلسطینی علاقے غزہ میں تنازعے سے متعلق پوسٹ کرنے پر مصری کامیڈین باسم یوسف کا ایکس اکاؤنٹ پلیٹ فارم سے غائب ہوگیا۔ایکس اکاؤنٹ پر 11 ملین سے زائد فالوورز والے باسم یوسف کا ایکس اکاؤنٹ غیر فعال ہوگیا ہے۔رپورٹ کے مطابق فلسطین کے حامی باسم یوسف کا اکاؤنٹ غائب ہونے کی وجہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اسرائیل مخالف ان کی آخری پوسٹ قرار دی جارہی ہے۔
باسم یوسف اکثر سوشل میڈیا پر اسرائیل اور غزہ تنازعے کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے رہتے ہیں۔
انہوں نے 19 اگست کو اپنی آخری ایکس پوسٹ میں سام دشمنی کو ہتھیار بنانے پر تبادلہ خیال کیا اور ساتھ ایک پول بھی شامل کیا۔رپورٹ کے مطابق باسم یوسف نے پوسٹ میں لکھا تھا کہ یہود دشمنی ایک ایسا الزام تھا جو لوگوں کی رگوں میں خون جما دیتا تھا، میں دیکھ رہا ہوں کہ اب بہت سے لوگوں کو یہ احساس ہو رہا ہے کہ اس خوف کے حربے کو گفتگو کو بند کرنے اور لوگوں کو ڈرانے کے لیے کس طرح استعمال کیا جاتا ہے۔ لوگوں کو ڈرانے کے لیے اس کا زیادہ استعمال اور زیادتی کی گئی ہے۔ انہوں نے پول شامل کرتے ہوئے صارفین سے پوچھا کہ کیا آپ اب بھی ان صہیونیوں کے ہاتھوں یہود مخالف کہلانے سے ڈرتے ہیں؟ اس پوسٹ کے فوراً بعد باسم یوسف کا ایکس اکاؤنٹ غیر فعال ہوگیا۔