کوہستان (آواز خلق ) ملک کے مشہور سیاحتی مقام پر برفباری کا آغاز ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق جہاں ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے تو دوسری جانب ملک کے کئی شمالی علاقوں میں موسم سرد ہو گیا۔ جمعرات کے روز خیبرپختونخواہ کے بلند و بالا سیاحتی مقام بابوسر ٹاپ پر سیزن کی پہلی برفباری ریکارڈ کی گئی۔
برفباری کے بعد علاقے کا موسم سرد ہو گیا۔ جبکہ سیاحوں کی بڑی تعداد نے بھی علاقے کا رخ کر لیا۔ دوسری جانب ملک بھر میں مون سون کے جاری سپیل کی مزید بارشیں ہونے کی پیشن گوئی کی گئی ہے، ملک کے ساحلی علاقوں میں سمندری طوفان کا بھی خطرہ پیدا ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بھارتی رن آف کچھ کے قریب موجود ڈیپ ڈپریشن جمعہ کو صبح بحیرہ عرب میں پہنچنے کے بعد سازگارماحول کے سبب ایک درجہ مزید شدت کے بعد سمندری طوفان کی شکل اختیار کرسکتا ہے اور یہ لگ بھگ 48 سال بعد بحیرہ عرب میں اگست کے مہینے میں سمندری طوفان بن رہا ہے، جس سے سائیکلونک اسٹروم بننے کے بعد اسنی نام دیا جائیگا، اسنی کے لغوی معنی بلند تر ہیں اور یہ نام پاکستان کا تجویز کردہ ہے۔
41