43

دوسرا ٹیسٹ میچ نام نہاد شاہینوں کی گرفت کمزور

Spread the love

راولپنڈی ( آواز خلق ) پاکستان کے 274 رنز کے جواب میں بنگلادیش کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 262 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں آج تیسرے دن کا ابتدائی پہلا گھنٹہ بنگلہ دیش کے لیے انتہائی خوفناک ثابت ہوا اور 26 رنز پر 6 بلے باز پویلین لوٹ گئے۔خرم شہزاد نے اوپننگ جوڑی ذاکر حسن (1)، شادمان اسلام (10)، کپتان نجم الحسن شنتو (4) اور شکیب الحسن (2) کی وکٹیں حاصل کیں جب کہ میر حمزہ نے کہ پہلے ٹیسٹ میچ کے ہیرو مشفق الرحمان کو صرف تین رنز پر محدود کرنے کے ساتھ مومن الحق کو بھی ایک رن پر چلتا کیا۔26 رنز پر بنگلہ دیش کی چھ وکٹیں گرنے اور تمام مستند بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد مہمان ٹیم کے فالو آن کا خدشہ ہونے لگا تھا لیکن وکٹ کیپر بیٹر لٹن داس اور آل راؤنڈر مہدی حسن میراز نے بنگلہ دیش کی ڈوبتی نیا کو سہارا دیا۔ دونوں نے نہ صرف اپنی ٹیم کو فالو آن کے خطرے سے نکالا بلکہ ساتویں وکٹ کے لیے 165 رنز کی پارٹنر شپ قائم کر کے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔
چائے کے وقفے کے بعد مہدی حسن 78 رنز بنا کر خرم شہزاد کا پانچواں شکار بنے جب انہوں نے تسکین احمد کو بھی ایک رن پر چلتا کیا۔
193 رنز پر 8 وکٹیں گرنے کے باوجود لٹن داس بدستور ڈٹے رہے اور شاندار سنچری اسکور کی۔ انہوں نے 171 کے مجموعے پر سنچری مکمل کی۔لٹن داس اور مہدی حسن نے 165رنز کی شراکت بنائی۔ آل راؤنڈر مہدی حسن نے78 رنز اسکور کیے جب کہ لٹن داس نے 138رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔فاسٹ بولرخرم شہزاد نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں جب کہ میر حمزہ نے 2 اور سلمان علی آغا نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل میچ کا پہلا روز بارش کی نذر ہونے کے بعد دوسرے روز پاکستان ٹیم 274 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
پاکستان کی جانب سے کپتان شان مسعود، صائم ایوب اور سلمان علی آغا نے نصف سنچریاں اسکور کیں تاہم کوئی بلے باز لمبی اننگ نہ کھیل سکا۔ بابر اعظم کی ناکامی کا سلسلہ ایک بار پھر دراز ہوگیا اور وہ اپنی اننگ کو 31 رنز سے آگے نہ بڑھا سکے جب کہ محمد رضوان بھی 29 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔پاکستان کی بیٹنگ لائن کو تباہ کرنے میں مہدی حسن میراز کا اہم کردار رہا جنہوں نے 61 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ تسکین احمد نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ شکیب الحسن اور نہید رانا کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بنگلہ دیش کو ایک صفر کی نا قابل شکست برتری حاصل ہے۔ پہلے ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم نے پاکستان کو ہر شعبے میں آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 10 وکٹوں سے تاریخی فتح حاصل کی تھی۔
پاکستان کو سیریز بچانے کے لیے اس میچ میں لازمی فتح درکار ہے۔ بے نتیجہ میچ بھی بنگلہ دیش کو سیریز کا فاتح بنا دے گا جب کہ مہمان ٹیم کی جیت پاکستان کو بنگلہ دیش سے ہوم گراؤنڈ پر وائٹ واش کی ہزیمت سے دوچار کر سکتی ہے۔واضح رہے کہ پاک، بنگلہ دیش ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے اور پہلے میچ میں شکست کے بعد پاکستان ٹیم پوائنٹ ٹیبل پر 8 ویں رینکنگ پر چلی گئی ہے۔دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی کی جگہ میر حمزہ کو شامل کیا گیا ہے جب کہ اسپنر ابرار احمد بھی فائنل الیون کا حصہ ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں