دیو مالائی قصوں کی شہرت رکھنے والی سکردو کی بلائنڈ جھیل کے بارے میں مشہور ہے کہ آج تک کوئی شخص یہ پتا نہیں چلا سکا کہ اس جھیل میں پانی کہاں سے آتا ہے۔’بلائنڈ لیک‘ یا اندھی جھیل بلتستان کے علاقے سکردو اور شگر کے سنگم پر واقع سرد صحرا کے قریب واقع ہے۔ سکردو سے قریبا پینتالیس منٹ کی مسافت پر یہ جھیل اسی راستے پر واقع ہے، جو سکردو سے دنیا کی کی دوسری بڑی چوٹی کے ٹو کی طرف جاتا ہے۔
چار کلومیٹر پر پھیلی اس خوبصورت جھیل کا شمار بلتستان کی خوبصورت ترین جھیلوں میں ہوتا ہے۔ اس جھیل کو بلتی زبان میں ‘جربہ ژھو‘ کہا جاتا ہے، جس کا مطلب ہے اندھی جھیل۔ اس جھیل کو اندھی جھیل اسی لیے کہا جاتا ہے کیونکہ یہ معلوم نہیں کہ اس جھیل کے پانی کا ماخذ کیا ہے؟
بلند و بالا پہاڑوں کے کنارے واقع اس جھیل کا پانی صاف اور نیلا ہے لیکن یہ پانی مکمل طور پر ٹھہرا ہوا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق کئی برسوں سے اس جھیل میں پانی کی سطح ایک جیسی ہی ہے۔