66

برانڈز کےجعلی ڈسکاؤنٹ کی کہانی مسابقتی کمیشن کی زبانی

Spread the love

اسلام آباد ( آواز خلق ) ملک بھر کے مختلف برانڈز کو سیل اور ڈسکائونٹ کے گمراہ کن اشتہارات جاری کرنے پر مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) کی طرف سے نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مسابقتی کمیشن آف پاکستان کی طرف سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق مختلف برانڈز کے ریٹیل سٹورز کی طرف سے سیزن کے اختتام کی سیل پر ڈسکائونٹ دینے بارے گمراہ کن اعلانات واشتہارات جاری کرنے پر 20 برانڈز کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔

مسابقتی کمیشن کی طرف سے ان برانڈز سے ڈسکائونٹ دینے کے مبہم اشتہارات واعلانات اور سیل آفرز پر وضاحت طلب کی گئی ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد راولپنڈی کے جڑواں شہروں میں محکمے کی طرف سے مختلف مارکیٹوں کا سروے کیا گیا اور مشاہدہ کرنے پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ مختلف برانڈز نے اپنی مصنوعات کی اینڈ سیزن سیل کیلئے مہم اشتہارات جاری کر رہے ہیں۔

مشاہدے میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ سیزن اینڈ سیل پر شہریوں کو اپنے برانڈز کی مصنوعات کی طرف راغب کرنے کے لیے 30 فیصد اور 50 فیصد تک کے ڈسکائوٹ دینے کے اشتہارات آویزاں کر رکھے لیکن سٹور میں جانے پر پتہ چلتا ہے کہ صارفین کو سب سے زیادہ ڈسکائونٹ برانڈز اپنی سب سے کم مقبول پراڈکٹ پر دے رہا ہے۔

مشاہدے میں پتا چلا ہے کہ ان برانڈز نے اپنی مقبول ترین پراڈکٹ پر صارفین کو ڈسکائونٹ کی بہت کم پیش کی ہے جو کہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ مسابقتی کمیشن کی طرف سے صارفین کو خبردار کیا گیا ہے کہ محتاط رہیں اور ان برانڈز کی طرف سے جاری کیے گئے ڈسکائونٹ کے اشتہارات سے متعلق تمام تر معلومات کی پہلے تصدیق کریں۔

یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل سی سی پی کی طرف سے بیوٹی پراڈکٹس مینوفیکچررز کی طرف سے گمراہ کن مارکیٹنگ کرنے پر 12 ملکی کاسمیٹکس کمپنیوں کو نوٹسزجاری کیے گئے تھے، یہ اقدامات صارفین کو دھوکہ دینے والے اشتہاری حربوں سے بچانے کی کوشش میں کیے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ سی سی سی ریگولیٹری ایجنسی ہے جس کی ذمہ داری مارکیٹ کے فروخت کنندگان کیلئے مساوی مقابلہ یقینی بنانا اور استحصالی رویے ختم کرنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں