39

تنظیم قلم دوست کے زیر اہتمام فکری نشست کا انعقاد

Spread the love

روزنامہ پاکستان فورم میں “عصری تقاضے اور انکا حل” کے عنوان سے تنظیم قلم دوست نے فکری نشست کا اہتمام کیا۔
چیئرمین قلم دوست ایثار رانا، فاروق امجد میر، نوشاد علی، سلیم حسن و دیگر نے شرکت کی۔
صدر قلم دوست سلیم حسن نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے نشست کا باقاعدہ آغاز کیا۔ گفتگو کرتے ہوئے فاروق امجد میر نے عالمی سیاسی منظر نامے بالخصوص امریکہ اور چین کے معاملات پر روشنی ڈالی۔ انکا کہنا تھا کہ چین کبھی جنگ میں پہل نہیں کرتا اور دیرپا منصوبہ بندی سے اپنے اہداف حاصل کرنے میں مہارت رکھتا ہے۔ مزید یہ کہ پاکستان کو اپنے انسانی وسائل پر خصوصی توجہ دینے اور سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔ ایگزیکٹو ایڈیٹر پاکستان گروپ محمد نوشاد علی نے معاشرے میں عدم برداشت اور بدلتے رجحانات سے لاعلمی کو ملکی تنزلی کی وجہ قرار دیا۔ انکا کہنا تھا کہ ہم بطور معشرہ انفرادی ترقی کے قائل ہیں جو اجتماعی گراوٹ کا باعث بنتی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ترقی کے رستے پر گامزن ہونے کا واحد حل جدید تقاضوں سے آشنائی اور اہداف پر مبنی منصوبہ بندی کو اپنانا ہے۔ چیئرمین قلم دوست ایثار رانا نے عالمی سطح پر استعمال ہونے والے اسٹریٹجک ہتھیاروں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طاقتور قوتیں ابھرتی معیشتوں کو روکنے کے لیے ان ممالک میں با اثر اداروں کو کنٹرول کرتی ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ ایسی نشستیں گہرے اندھیروں میں ٹمٹماتے جگنو کی حیثیت رکھتی ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے پاس دو اہم نعمتیں افرادی قوت اور شمسی توانائی کی صورت موجود ہیں جن کا بھرپور استفادہ حاصل کرنا چاہیے۔
تمام شرکاء نے جدید تکنیکی علوم کے حصول کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے نسل نو پر خصوصی توجہ دینے اور بنیادی قومی نظریات و عقائد کی اہمیت کو اجاگر کرنے کو وقت کی ضرورت قرار دیا اور ایسی فکری نشستوں کے تسلسل کو برقرار رکھنے کا اعادہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں