روم ( مانیٹرنگ ڈیسک )دنیا کے 20ممالک کے گروپ کے رہنماؤں نے ترقی پذیر ممالک کیلئے کورونا وائرس ویکسین کی فراہمی میں تیزی لانے کی ضرورت کی تصدیق کی ہے۔وہ یہ امر یقینی بنانے کی امید رکھتے ہیں کہ سال 2022 کے وسط تک دنیا کی 70فیصد آبادی کو مکمل طور پر حفاظتی ٹیکے
لگ جائیں گے۔ ان رہنماؤں نے اٹلی کے شہر روم میں اپنے دو روزہ سربراہ اجلاس کا آغاز ہفتے کے روز کیا۔یہ اجلاس توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور اس کی فراہمی میں رکاوٹوں کے عالمی معیشت پر پڑنے والےاثرات کے بارے میں بڑھتی ہوئی تشویش کی صورتحال کے دوران منعقد ہوا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بیشتر شرکاء نے اپنی بات چیت کے پہلے روز عالمگیر وباء سے عالمی اقتصادی بحالی کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت کا اظہار کیا۔رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ عالمگیر وباء سے مکمل بحالی کے لیے صنعتی اور ترقی پذیر ممالک کے درمیان ویکسین تک رسائی میں عدم مساوات کو ختم کرنا ناگزیر ہے۔انہوں نے وزارتی سطح پر کیے گئے اُس سمجھوتے کی توثیقِ نو بھی کی جو کارپوریٹ ٹیکس کی کم از کم شرح کا تعین کرتا ہے، یہ سمجھوتہ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ بڑی کمپنیاں ٹیکس کا اپنا منصفانہ حصہ ادا کریں۔