اسلام آباد ( بدلو نیوز )وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نےسندھ میں پیش آئے واقعے پر ردّ عمل دیتے ہوئے کہا کہ بلاول صاحب یہ کیا ہورہا ہے؟ ان واقعات سے لگتا ہے سندھ میں قانون کی کوئی اہمیت ہی نہیں ہے۔ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہاکہ سندھ میں صحافی عزیز میمن کا قتل ہو، طاقتور لوگوں کے شکار کی ویڈیو اور اب لاچار عورت کا قتل۔وفاقی وزیر نے پی پی چیئرمین کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ بلاول صاحب یہ کیا ہورہا
ہے؟ آپ کے قریبی لوگ ان واقعات میں ملوث ہیں، اس طرح انسانیت کو مت روندیں۔واضح رہے کہ دو روز قبل پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی جام اویس کے مہمانوں کے شکار کی ویڈیو وائرل کرنے والے ناظم جوکھیو کی کراچی میں جان لے لی گئی تھی، مقتول کے بھائی نے رکن صوبائی اسمبلی کو قتل کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے ان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کروائی۔اس کے بعد ناظم جوکھیو کے قتل میں نامزد رکن سندھ اسمبلی جام اویس نے میمن گوٹھ تھانے میں گزشتہ روز گرفتاری دی جس کی ایس ایس پی ملیر نے تصدیق بھی کی اور آج جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر نے گرفتار پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی کو گرفتار دیگر 2 ملزمان کے ساتھ 3 روزکے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔