دبئی ( سپورٹس نیوز )ٹی20 ورلڈ کپ کے گروپ 2 میں بھارت نے آسان حریف سکاٹ لینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔دبئی میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے اسکاٹ لینڈ کا 86 رنز کا ہدف 6 اعشاریہ3 اوورز میں حاصل کرلیا اور گروپ میں رن ریٹ کی بنیاد پر ٹاپ ٹیم بن گئی ہے۔بھارت کی طرف سے
اوپنر روہیت شرما 16 گیندوں پر 30، کے ایل راہول 19 گیندوں پر 50 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، میچ کا فاتحانہ سٹروک چھکے کی صورت میں کپتان ویرات کوہلی نے کھیلا۔بھارت میچ میں عمدہ پرفارمنس کے ساتھ ہی پوائنٹس ٹیبل پر افغانستان سے آگے نکل گیا ہے اور ساتھ ہی اس نے اپنا نیٹ رن ریٹ نیوزی لینڈ اور پاکستان سے بھی بہتر کرلیا ہے۔بھارت کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے اب صرف نیوزی لینڈ اور افغانستان کے میچ کا انتظار کرنا ہوگا، اس میچ میں اگر نیوزی لینڈ فاتح ہوئی تو بھارت اور افغانستان ایونٹ سے باہر ہوجائیں گے۔افغانستان کی فتح کی صورت میں بھارت کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات بہت حد تک روشن ہوجائیں گے۔