نیو یارک ( نیت نیوز )کورونا وائرس کے سبب دنیا بھر میں اب تک 50 لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔یہ اعداد و شمار مختلف یورپین ابلاغی اداروں نے امریکا کی جان ہاپکنز یونیورسٹی (JHU) کی رپورٹس کی روشنی میں شائع کیے ہیں۔ یونیورسٹی کی جانب سے شائع ہونے والی اس رپورٹ میں کورونا
وائرس کے اثرات کا اعداد و شمار کی روشنی میں جائزہ لیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں اس وقت تک کورونا سے 50 لاکھ 73 ہزار 702 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر اس وائرس کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد 25 کروڑ 15 لاکھ 33 ہزار 999 رہی ہے۔یونیورسٹی کے مطابق اسی طرح دنیا بھر میں 7 ارب 36 کروڑ 3 لاکھ 81 ہزار 243 افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔یونیورسٹی کی جانب سے فراہم کیے جانے والے مزید اعداد و شمار کے مطابق 4 کروڑ 67 لاکھ 92 ہزار81 انفیکشنز اور 7 لاکھ 59 ہزار 60 افراد کی ہلاکتوں کے ساتھ امریکا نے اس بیماری کی سب سے زیادہ قیمت ادا کی ہے۔جبکہ انفیکشنز سے دیگر متاثر ہونے والے بڑے ممالک میں برطانیہ، روس، ترکی اور یوکرین شامل ہیں۔