دبئی ( سپورٹس نیوز )آستریلیا نے نیوزی لینڈ کو ہرا کر مینز ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ 2021 جیت لیا .آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کے فائنل میں نیوزی لینڈ نے کپتان کین ولیمسن کی شاندار بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا کو جیت کے لیے 173 رنز کا ہدف دیا تھا جسے آسٹریلیا نے بڑی آسانی سے حاصل کر لیا ۔ ڈیوڈ وارنر نے فائنل میں بھی دھواں دھار بیٹنگ کی اور آسٹریلیا کو فتح دلانے میں بنیادی کردار ادا کیا.دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں
آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔نیوزی لینڈ کو ابتدا میں ہی سیمی فائنل کے ہیرو ڈیرل مچل کی وکٹ کی صورت میں بڑا نقصان اٹھانا پڑا تھا، انہوں نے صرف 11 رنز بنائے تھے۔اس کے بعد کپتان کین ولیم سن کیریز پر آئے اور چھاگئے، انہوں نے پہلے محتاط انداز میں بیٹنگ کی لیکن پھر اس کے بعد آسٹریلوی بولرز کی درگت بنادی۔کین 48 گیندوں پر 85 رنز کی طوفانی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے، انہوں نے 10 چوکے اور 3 فلک بوس چھکے لگائے۔مارٹن گپٹل نے ٹیم کے ٹوٹل میں 28 رنز کے ساتھ، گلین فلپس نے 18 اور جمی نیشم نے 8 رنز کے ساتھ اپنا حصہ ڈالا۔نیوزی لینڈ نے مقرر 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے۔آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے اپنے 4 اوورز میں صرف 16 رنز دیے اور 3 اہم وکٹیں بھی لیں جبکہ ان کے علاوہ ایڈم زیمپا کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔