نئی دہلی ( سپورٹس نیوز )نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن اس ہفتے ہندوستان کے خلاف تین میچوں کی ٹوئنٹی 20 سیریز سے دستبردار ہو گئے ہیں۔بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ بدھ یعنی کل بھارت کے شہر جے پور میں کھیلا جائے گا لیکن کین ولیمسن بھارت کے خلاف ہی ٹیسٹ
سیریز کی تیاری کے لیے ٹی 20 سیریز نہیں کھیلیں گے۔نیوزی لینڈ کی ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ولیمسن کو ٹیسٹ سکواڈ کے ساتھ ریڈ بال کے دو میچوں کی تیاری کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کین ولیمسن کی غیرموجودگی میں ٹم ساؤتھی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ٹم ساؤتھی اور کائل جیمیسن، ڈیرل مچل، گلین فلپس اور مچل سینٹنر 25 نومبر سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے اسکواڈ میں شامل ہیں۔دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ کانپور میں جبکہ دوسرا ٹیسٹ 3 دسمبر سے ممبئی میں کھیلا جائے گا۔