لاہور ( بدلو نیوز )سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس ریٹائرڈ ثاقب نثار سے منسوب نئی مبینہ آڈیوگزشتہ روز سامنے آئی ہے جس میں ثاقب نثار مبینہ طور پر کہہ رہے ہیں کہ عمران خان کی جگہ بنانے کے لیے نواز شریف کو سزا دینی ہوگی۔آڈیو ٹیپ میں وہ مبینہ طور پر تسلیم کر رہے ہیں کہ مریم نواز کو سزا دینی ہو گی اگرچہ مریم نواز کے خلاف کوئی کیس نہیں ہے۔دوسری جانب سابق چیف جسٹس نے متنازع آڈیو لیک کو من گھڑت قرار دے دیا ہے،
ایک نجی ٹی وی چینل پر اپنے ردعمل میں سابق چیف جسٹس نے کہا کہ انہوں نے ابھی ابھی آڈیو سنی ہے اور یہ ان کی آواز نہیں ہے۔آڈیو اتوار کی شب امریکامیں قائم ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم ’فیکٹ فوکس‘ نے جاری کی اور اس کی رپورٹ صحافی احمد نورانی نے دی جن کا دعویٰ ہے کہ آڈیو کی فارنزک جانچ کی گئی ہے۔اب اس ویڈیو پر مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کو سیاسی عمل سے باہر رکھنے کے لیے سکیم بنائی گئی، قوم انصاف کی منتظر ہے۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں (ن) لیگ کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ اس سکیم کا پتہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثارکی آڈیو کلپ سے لگتا ہے۔ وقت آگیا ہے کہ غلطیوں کو درست کیا جائے، قوم انصاف کی منتظر ہے۔