62

ریکوری کا مکمل حساب کتاب موجود ہے،گوادر اور سندھ میں اربوں روپے مالیت کی زمین برآمد کروائی: چیئر مین نیب

Spread the love

لاہو ر (بدلونیوز)قومی احتساب بیورو کے چیئر مین جسٹس جاوید اقبال نے نیب لاہورمیں ٹویوٹا گوجرانوالہ موٹرز سکینڈل اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کوآپریٹو سوسائٹی کے متاثرین کو 33کروڑ85لاکھ روپے مالیت کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیب نے گذشتہ4سالوں کے دوان 30 ہزار متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کیا ہے۔ اس دوران 1386 ارب مالیت پر مشتمل 1270 ریفرنس احتساب عدالتوں میں دائر کئے گئے جبکہ نیب کی اِ ن ڈائریکٹ ریکوری اربوں روپے مالیت پر مشتمل ہے۔نیب لاہور کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب لاہور روشنی کا مینار ثابت ہوا ہے جہاں

سے ہزاروں متاثرین کو اربوں روپے کی ریکوری کروائی گئی۔ ہم نے ان چار سالوں کے دوران ٹیم کو متحرک کیا ہے کہ اب نیب نے ایک قدم آگے بڑھ کر کام کرنا ہے۔ نیب مقدمات کے جلد فیصلوں کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق ریفرنس پر حتمی فیصلہ کرنا معزز احتساب عدالتوں کا اختیارہے۔ نیب کے ریفرنس کا منطقی انجام معزز عدالت میں ریفرنس کے ساتھ ہی ہو جاتا ہے۔ چند روز قبل چائے کی پیالی میں طوفان لانے کی کوشش کی گئی اور کہا گیا کہ نیب ریکوریاں کہاں گئیں کچھ پتا نہیں؟ نیب نے اربوں روپے مالیت کی سٹیل ملز اور فضائیہ ہاؤسنگ کی زمینیں سندھ حکومت کے حوالے کیں جبکہ گوادر میں اربوں روپے مالیت کی زمینیں قبضہ مافیا سے برآمد کروا کر صوبائی حکومت کے حوالہ کیں۔ اسی طرح پنجاب میں ڈبل شاہ کو سنگل شاہ بناتے ہوئے اربوں روپے متاثرین کو واپس لوٹائے۔ نیب کا تین مرتبہ جامع آڈٹ ہو چکا ہے لیکن کوئی قابلِ ذکر اعتراض سامنے نہیں آیا۔ نیب ہمیشہ آئین و قانون کے دائرہ میں رہتے ہوئے اپنے فرائض سرانجام دیتا ہے ملزمان سے برآمد کی گئی بلا واسطہ اور بل واسطہ رقوم نیب کے پاس امانت ہوتی ہیں جن کو قومی خزانہ میں جمع کروانے کے علاوہ مختلف تقاریب کے ذریعے متعلقہ اداروں کے حوالے کیں جس کا مکمل ریکارڈ نیب کے پاس موجود ہے۔چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ کچھ لوگ اپنی سیاست کو نیب کی بنیاد پر زندہ رکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیب پر تنقید ضرور کریں لیکن آپ کومکمل حقائق خصوصا نیب کی کارکردگی کا بھی ادراک ہونا چاہئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں