ڈھاکا (سپورٹس ڈیسک ) پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بنگلا دیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈھاکا کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹاس کے بعد گفتگو میں بابراعظم نے کہا کہ پچ خشک نظر آرہی ہے، اس لئے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے، ٹیم میں تبدیلی سے متعلق قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ چٹاکانگ میں فاتح اسکواڈ کو برقرار رکھا گیا ہے۔
قومی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، کپتان بابر اعظم، محمد رضوان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، عابد علی، اظہر علی، فہیم اشرف، فواد عالم، حسن علی، ،نعمان علی، ساجد خان اور شاہین آفریدی۔ بنگلا دیش کے کپتان مومن الحق نے ٹاس کے بعد گفتگو میں کہا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے، اب پاکستان کو عمدہ بولنگ کی مدد سے جلد از جلد آؤٹ کرنے کی کوشش کرینگے۔ بنگال ٹائیگرز کے کپتان نے بتایا کہ اہم ترین ٹیسٹ میچ کے لئے ٹیم میں تین تبدیلیاں کیں گئیں ہیں، تجربہ کار آل راؤنڈر شکیب الحسن کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ خالد احمد اور محمود الحسن جوئے آج اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کرنے جارہے ہیں۔
68