اسلام آباد (بدلو نیوز ) وزیر اعظم نے لاپتا صحافی اور بلاگر مدثر نارو کے اہل خانہ کو مدثر کی بازیابی کی یقین دہانی کرا دی۔ تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم عمران خان نے گم شدہ صحافی و بلاگر مدثر نارو کے والدین اور ان کے بیٹے سے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ وزارت داخلہ کے اہل کار بھی مدثر نارو کی فیملی کے ہمراہ وزیر اعظم ہاؤس پہنچے تھے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیر اعظم کو مدثر نارو کے اہل خانہ سے ملنے کی ہدایت کی تھی۔
ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے مدثر نارو کے والدین کو بازیابی کے لیے ہر ممکن اقدامات کی یقین دہانی کرائی، اور کہا کہ ہم نے جبری گمشدگیوں کی روک تھام کے لیے باقاعدہ قانون سازی کی ہے۔ اس ملاقات میں وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری بھی موجود تھیں، انھوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نے مدثر نارو کے اہل خانہ کی بات تفصیل سے سنی، جس کے بعد انھوں نے وزیر اعظم آفس اور سیکریٹری داخلہ کو ہدایات جاری کر دیں۔ ڈاکٹر شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی یقین دہانی پر مدثر نارو کے اہل خانہ مطمئن تھے، وزیر اعظم نے مدثر نارو کے بچے کی دیکھ بھال کی بھی یقین دہانی کرائی۔
75