52

سانحہ سیالکوٹ کی تحقیقات کے سلسلے میں آئی جی پنجاب کی وزیر اعظم کو بریفنگ

Spread the love

لاہور (بدلو نیوز ) آئی جی پنجاب اور چیف سیکریٹری نے وزیر اعظم عمران خان کو سانحہ سیالکوٹ کی تحقیقات میں پیش رفت پر بریفنگ دی، وزیر اعظم نے سانحہ سیالکوٹ جیسے واقعات کو سختی سے روکنے کی ہدایت کی۔ سانحہ سیالکوٹ کی تحقیقات میں پیش رفت پر بریفنگ کے بعد وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ آئندہ سانحہ سیالکوٹ جیسے واقعات کو سختی سے روکا جائے، اور ناخوش گوار واقعات روکنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی طے کی جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سانحہ سیالکوٹ کی تفتیش ٹیکنالوجی کی مدد سے جدید طریقے سے کی جا رہی ہے، فیکٹری کے 150 کیمروں کی فوٹیج فرانزک لیبارٹری بھجوا دی گئی، سوشل میڈیا، موقع پر موجود افراد کی ویڈیوز بھی فرانزک کے لیے بھجوا دی گئی۔ ذرائع کے مطابق پولیس کا شواہد کی بنیاد پر جلد بڑا کریک ڈاؤن متوقع ہے، پولیس سب سے پہلے فیکٹری کی چھت پر قتل کے واقعے کی تفتیش کر رہی ہے، قتل میں ملوث افراد کی شناخت سی سی ٹی وی کیمروں سے کافی حد تک مکمل ہو چکی، اب فوٹیجز سے پورے واقعےکو ترتیب دیا جائے گا، ان فوٹیجز سے واضح ہوگا کہ معاملہ کہاں سے شروع ،کہاں ختم ہوا۔ ذرائع نے بتایا کہ ہائی پروفائل کیس کی وجہ سے تفتیش میں مکمل احتیاط برتی جا رہی ہے، حکومتی کوشش ہے کہ کسی بےگناہ کو کیس میں پھنسنے سے بچایا جائے، زبانی گواہی کی صورت میں پہلے ویڈیو شواہد کی جانچ پڑتال ہوتی ہے، سانحہ سیالکوٹ کا جنوری کے وسط تک تفتیش مکمل کر کے چالان جمع کرایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں