نیو یارک ( مانیٹرنگ ڈیسک )اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے امریکا کی جانب سے پیش کی گئی افغانستان کے لیے انسانی امداد سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ منظور کی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ فنڈز کی ادائیگی، دیگر مالیاتی اثاثوں یا اقتصادی وسائل اور امداد کی بروقت فراہمی کو یقینی
بنانے یا ضروری سامان اور خدمات کی اجازت ہے۔ اس طرح کی امداد افغانستان میں بنیادی انسانی ضروریات سے متعلق ہے اور یہ طالبان سے منسلک اداروں پر عائد پابندیوں کی خلاف ورزی نہیں ہے۔امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان تھامس ویسٹ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ قرارداد کی منظوری عالمی برادری کا پیغام ہے کہ ہم افغان عوام کی مدد کے لیے متحد ہیں۔ قرارداد امریکا کی جانب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پیش کی گئی تھی۔دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ او آئی سی کانفرنس کے اثرات آنا شروع ہو گئے ہیں ۔سلامتی کونسل کی قرارداد بہت اہم پیش رفت ہے،اس کے بغیرافغان عوام کی مدد کے دروازے کھل نہیں سکتے تھے۔