76

وزیر اعظم بیجنگ کا دورہ کریں گے، سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت شیڈول

Spread the love

اسلام آباد ( بدلو نیوز ) وزیر اعظم عمران خان چینی قیادت کی دعوت پر 3 سے 5 فروری کو بیجنگ جائیں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ وزیر اعظم اگلے ماہ چین کا دورہ کریں گے، چین میں وزیر اعظم سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے، چینی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے مابین سی پیک سمیت تمام امور پر گفتگو کی جائے گی۔ ترجمان نے کہا پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات ہونا ضروری ہے، آبی امور پر دونوں ممالک کے درمیان میکنزم بھی موجود ہے، اور یہ حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا 5 جنوری کو گلف کوآپریشن کونسل کے سیکریٹری جنرل نے پاکستان کا دورہ کیا، جس سے پاکستان اور جی سی سی ممالک میں تعاون بڑھانے کا موقع ملا، 25 رکنی سعودی فوجی وفد نے بھی 10 جنوری کو دفتر خارجہ کا دورہ کیا، ہم عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر کے حل کی اپیل کرتے ہیں، اور انسانیت کے خلاف جرائم کے احتساب کا بھی مطالبہ کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا پاکستان بھارت کے ساتھ پرامن اور دوستانہ ہمسائیگی کا خواہاں ہے، لیکن معنی خیز مذاکرات کے لیے سازگار ماحول بھارت کی ذمہ داری ہے، پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورت حال کو اجاگر کرتا رہے گا۔ ترجمان کا کہنا تھا پاکستان کو بحیثیت اہم فریق مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تشویش ہے، ہندوستان مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کو انتہائی خطرناک نہج پر لے جا رہا ہے، 2021 میں کم سے کم 210 کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔ انھوں نے کہا ہم بھارت میں مسلمان خواتین کی تضحیک اور ان کو ہراساں کرنے کی مذمت کرتے ہیں، بھارت ایک مرتبہ پھر فالس فلیگ کا ڈراما رچا سکتا ہے، عالمی برادری کی توجہ اس جانب مبذول کرانا چاہتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں