اسلام آباد ( بدلو نیوز ) سپریم کورٹ نے تاحیات نااہلی پر درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی اور کہا معاملے پرایک بار فیصلہ ہوجائے تو نئی درخواست دائر نہیں ہوسکتی۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن (ایس سی بی اے) کے صدر احسن بھون کی جانب سے تاحیات نااہلی پر درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی۔ رجسٹرار سپریم کورٹ نے کہا معاملے پر سپریم کورٹ پہلے ہی فیصلہ دے چکی ہے اور تاحیات نااہلی کےمعاملے پر نظر ثانی درخواستیں بھی مستردکی جاچکی ہیں۔ رجسٹرار کا کہنا تھا کہ ایک بار جب سپریم کورٹ کسی معاملے پر فیصلہ دے دیتی ہے تو نئی درخواست دائر نہیں کی جاسکتی۔
یاد رہے سپریم کورٹ بار کے صدر احسن بھون نے نے تاحیات نااہلی کیخلاف آئینی درخواست دائر کی تھی ، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ تاحیات نااہلی کا اطلاق صرف انتخابی تنازعات میں استعمال کیاجائے، آرٹیکل 184تھری کےتحت سپریم کورٹ ٹرائل کورٹ کے امورانجام نہیں دے سکتی۔ دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ آرٹیکل 184کی شق 3کے تحت عدالتی فیصلے کےخلاف اپیل کا حق نہیں ملتا، عدالتی فیصلے کیخلاف اپیل کا حق نہ ملنا انصاف کے اصولوں کے منافی ہے ، سپریم کورٹ نےفیصلوں میں آرٹیکل62 ون ایف کے اطلاق کے پیرامیٹرزطے کئے۔ درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت جو الیکشن چیلنج ہوا صرف اس کو کالعدم کیا جائے۔
49