اسلام آباد( بدلو نیوز ) اجمیر شریف عرس پر روانگی کے منتظر پاکستانی زائرین کو عین وقت پر ویزے دینے سے انکار کر نے پر وفاقی وزیرمذہبی امور پیرنورالحق قادری مودی سرکارکےخلاف بھڑک اٹھے،ہندوستانی حکومت کوآئینہ دکھاتےہوئےایسی بات یاد دلا دی کہ بھارتی عوام بھی شرمسار ہو جائے ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے پاکستانی زائرین کو ویزے نہ دینے پر مودی سرکار کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ انڈین سفارت خانے نے ہمیں عرس پر روانگی کیلئے تیار رہنے کا کہا مگر ماضی کی طرح عین وقت پر ویزوں کے اجرا سے انکار کردیا،خواجہ معین الدین اجمیر چشتی کے مزار پر حاضری کیلئے پاکستانی زائرین نے بھارتی حکومت کی تمام ہدایات پرعمل بھی کیا۔
پیر نور الحق قادری نے شرائط اور ایس او پیز پر عمل کے باوجود ویزے جاری نہ کرنے کے عمل کو ناقابل فہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے حضرت خواجہ معین الدین چشتی کے مزار مقدس پر حاضری کے خواہش مند مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے، پاکستانی زائرین کے ساتھ کیے جانے والے ناروا سلوک اور رویہ کو بھارت کے ساتھ وزارت خارجہ کی سطح پر اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ہمیشہ بھارتی ہندو اور سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کیے، بھارت نے کورونا کا بہانہ بناکرعین وقت پر دونوں ملکوں کے مابین زیارت پروٹوکول کی خلاف ورزی کی،پاکستان نے گزشتہ دوسال میں سخت کورو نا پابندیوں کے باوجود مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کے احترام میں ہندو اورسکھ یاتریوں کو ویزے جاری کیےجبکہ انڈین سفارتخانے کی غفلت اورسستی کے باعث دور دراز علاقوں سے لاہور آنے والے سینکڑوں زائرین ذہنی اذیت کا شکار ہوئے۔
52