کراچی(بدلو نیوز ) سندھ میں بلدیاتی قانون میں ترامیم کے معاملے کا جائزہ لینے کے لیے پیپلز پارٹی اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان کمیٹی کے قیام پر اتفاق ہوگیا۔ کمیٹی سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں بلدیاتی قانون کا نیا مسودہ تیار کرے گی۔ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے سلیکٹ کمیٹی میں ایم کیوایم، پی ٹی آئی اور جی ڈی اے کے ارکان شامل ہیں ۔ کمیٹی میں اپوزیشن کی نمائندگی اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ، خرم شیر زمان، ارسلان تاج فردوس شمیم نقوی، ایم کیو ایم کے کنور نوید جمیل، جاوید حنیف، محمد حسین، جی ڈی اے کے حسنین مرزا اور نند کمار کریں گے بلدیاتی قانون میں ترامیم کے معاملے پر سندھ حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے سے کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو ترامیم کا ازسرنو جائزہ لے گی۔جبکہ پیپلز پارٹی کی طرف سے بلدیاتی قانون سلیکٹ کمیٹی میں ناصر شاہ سعید غنی اور دیگر شامل ہوں گے۔
یہ کمیٹی سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم کی سفارشات تیار کرے گی، سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں بلدیاتی قانون پر اسمبلی کو جو سلیکٹ کمیٹی قائم کرنی ہے اس کے لیے اپوزیشن کی جانب سے نام نہیں دیئے گئے، کمیٹی بلدیاتی قانون پر جائزہ لے کر سفارشات مرتب کرے گی۔
حلیم عادل شیخ نے ایوان کو بتایا کہ اپوزیشن بلدیاتی قانون پر غور سے متعلق کمیٹی کے لیے اپنے نام دے رہی ہے۔ اسپییکر نے کہا کہ اگر تمام ارکان تعاون نہیں کریں گے تو یہ ایوان کس طرح چلے گا؟ میں آپ لوگوں کا دشمن نہیں ہوں۔انہوں نے ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی محمد حسین سے کہا کہ اپنے دماغ سے پرانی فلمیں نکال کر اپوزیشن کے اپنے ساتھیوں کو بتائیں کہ یہاں کیا ہوتا رہا ہے۔ بعد ازاں حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے نام دے دیے گئے۔