لاہور(بدلو نیوز ) لاہور چیمبرکے صدر میاں نعمان کبیر نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ پراپرٹی کی ویلیوایشن میں اضافہ کا فیصلہ فوری واپس لے کیونکہ اس سے ساری معیشت کو نقصان پہنچے گا، مطلوبہ معاشی اہداف حاصل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ صنعت و تجارت سے متعلقہ فیصلے سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سےکئے جائیں۔انہوںنے کہا کہ ایف بی آرکی جانب سے پراپرٹی ویلیوایشن میں اضافہ کا فیصلہ زمینی حقائق کے منافی ہے، اس سے نہ صرف پراپرٹی اور تعمیرات کے شعبوں بلکہ ان سے منسلک 50سے زائد دیگر صنعتوں کو بھی نقصان ہوگا اور ملک کی معاشی بحالی کیلئے حکومت کی تمام کوششوں کو بھی دھچکا لگے گا۔
ایف بی آر نے یہ فیصلہ سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لئے بغیر کیا ہے، ریئل اسٹیٹ، تعمیراتی شعبے اور معیشت کو نقصان سے بچانے کیلئے یہ فیصلہ فورا واپس لینا ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان نے تعمیراتی شعبے کیلئے پرکشش مراعاتی پیکج کا اعلان کیا تھا جس نے ملک بھر میں کاروباری اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا لیکن اب ایف بی آر کی جانب سے غیرمنقولہ جائیداد کی مارکیٹ ویلیو میں غیرمعمولی اضافہ تمام کوششوں پر پانی پھیر دیگا۔ انہوں نے کہا کہ سٹیک ہولڈرز نے پراپرٹی کی نئی ویلیوایشن پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے، حال ہی میں پاکستان سٹاک ایکسچینج میں زبردست گراوٹ کی ایک بڑی وجہ ایف بی آر کا یہ فیصلہ بھی تھا،ایف بی آر کو صورتحال کی سنگینی سمجھتے ہوئے یہ فیصلہ فورا واپس لینا چاہیے۔
71