تفتان: ( بدلو نیوز ) تفتان کسٹمز کے شعبہ اپریزمنٹ نے بڑے پیمانے پر غیر ملکی سامان کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ تفصیلات کے مطابق تفتان کسٹمز اسٹیشن پر دوران شفٹنگ ایرانی گاڑی سے پاکستانی گاڑی میں سامان ٹرانسفر کیا جا رہا تھا تاکہ اسے NLC میں کلیئر کرایا جا سکے۔ تاہم خفیہ اطلاعات پر جب ٹرک کو چیک کیا گیا تو 800 ایسی بوریاں برآمد ہوئیں، جن پر انڈین کمپنی کے اسٹیکر/ لیبل چسپاں تھے، یہ امریکن بادام انڈین پیکنگ میں تھے، جسے ایرانی سامان کی آڑ میں کلیئر کیا جا رہا تھا۔
کسٹمز حکام کو دھوکا دینے کے لیے غلط PTC کوڈ لگا کر ایرانی ساخت کے نام سے کلیئرنس کی یہ کوشش ناکام بنا دی گئی، اس طرح کلیئرنس سے کروڑوں روپے کی ڈیوٹی ٹیکسز چوری کی جا تی ہیں۔ ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا، سامان اور گاڑی قبضے میں لے لی گئی۔ ذرائع کے مطابق اسمگلرز اب غلط ڈیکلریشن کے ساتھ ساتھ فروٹ اور سبزیوں کی آڑ میں اسمگلنگ کی کوشش کر رہے ہیں، اس لیے کسٹمز حکام نے بھی کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔
79