54

مہنگائی کا نیا طوفان؛ یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیا کی قیمتوں میں مزید اضافہ

Spread the love

اسلام آباد ( بدلو نیوز ) یوٹیلیٹی اسٹورز پر مہنگائی کا نیا طوفان آگیا، گھی، آئل، صرف، صابن، شیمپو اور مسالہ جات سمیت متعدد اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ نوٹی فکیشن کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر برانڈڈ گھی کی فی کلو قیمت میں 47 روپے اور برانڈڈ آئل کی قیمت میں 57روپے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد درجہ اول کا برانڈڈ گھی 355 روپے فی کلو سے بڑھ کر 402 روپے اور آئل 355روپے فی کلو سے بڑھ کر 412روپے فی کلو ہوگیا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق درجہ اول کے گھی کا 5 کلو والا ڈبہ 1795سے بڑھ کر 2032روپے ہو گیا، پانچ کلو گھی کے ڈبے کی قیمت میں 237روپے اضا فہ ہوا، درجہ اول کے 5 کلو آئل کے ڈبے کی قیمت 1795سے بڑھ کر 2085روپے ہوگئی، پانچ کلو آئل کی قیمت میں 287روپے کا اضافہ ہوا، مختلف برانڈ ز کے درجہ اول اور دوئم کے مختلف گھی آئل کی فی کلو قیمت میں 70روپے تک اوسط اضافہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ مصالحہ جات کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے،

سو گرام ہلدی کا پیکٹ 35روپے سے بڑھ کر 43روپے کا کر دیا گیا، ہلدی کے سوگرام پیکٹ پر 8روپے کا اضافہ ہوا ہے، 50گرام گرم مصالحہ پاؤڈر 67روپے سے بڑھا کر 81روپے کر دیا گیا۔گرم مصالحہ کی قیمت میں 16روپے اضافہ کیا گیا، سفید زیرہ 200گرام پیکٹ 198سے بڑھا کر 230روپے کر دیا گیا، سفید زیرہ کی قیمت میں 32روپے اضافہ ہوا، بڑی الائچی کی100گرام قیمت 95روپے سے بڑھا کر 98روپے کر دی گئی، بڑی الائچی کی قیمت میں 3روپے سو گرام پیکٹ پر اضافہ ہوا۔ نوٹی فکیشن کے مطابق دودھ کے فی لیٹر برانڈڈ ڈبے کی قیمت میں 5روپے اضافہ کیا گیا ہے، برانڈڈ ڈبہ پیک دودھ 157روپے سے بڑھ کر 162روپے کا ہو گیا، مکس اچار کی فی کلو قیمت میں 65روپے اضافہ ہوا، مکس اچار 285روپے سے بڑھ کر 350روپے فی کلو ہوگیا، 950گرام کیچ اپ کا پاؤچ 242سے بڑھ کر 268روپے ہوگیا، کیچ اپ کی قیمت میں 26روپے اضافہ ہوا۔
یوٹیلیٹی سٹورز پر دالوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا گیا، دال چنا کی فی کلو قیمت میں 17روپے اضافہ کیا گیا، دال چنا کی قیمت فی کلو 145سے 162روپے ہوگئی جب کہ سفید چنے کی قیمت میں 53روپے فی کلو اضافہ ہوا، سفید چنے فی کلو 165روپے سے بڑھ کر 218روپے فی کلو ہوگئے۔ دال مسور کی فی کلو قیمت میں 85روپے کا اضافہ ہوا، دال مسور فی کلو 130روپے سے بڑھ کر 215روپے ہو گئی، دال ماش کی قیمت میں فی کلو 13روپے کا اضافہ ہوا، دال ماش 265روپے فی کلو سے بڑھ کر 278روپے ہوگئی، کالے چنے کی قیمت میں فی کلو 17روپے اضافہ ہوا اور کالے چنے کی قیمت فی کلو 155سے بڑھ کر 172روپے ہوگئی۔

اضافے پر یوٹیلیٹی اسٹورز کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ چند کمپنیوں نے مختلف برانڈڈ اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کیا جو کہ اوپن مارکیٹ میں نئے نرخوں پر فروخت ہو رہی ہیں، اس لیے یوٹیلیٹی اسٹورز پر بھی چند برانڈڈ اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا، یوٹیلیٹی اسٹورز پر 14 اکتوبر 2021 سے اشیاء کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ یوٹیلٹی اسٹورز انتظامیہ نے مزید کہا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر ان برانڈڈ اشیاء کی قیمتیں اوپن مارکیٹ سے کم رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں