لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک )نوبیل انعام یافتہ اور انسانی حقوق کی سرگرم کارکن ملالہ یوسفزئی کی کانووکیشن کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔انسٹاگرام پر ملالہ یوسفزئی نے اپنی کانووکیشن کی چند تصاویر شیئر کی ہیں۔انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصاویر میں ملالہ نے کنووکیشن کا مخصوص لباس
زیب تن کیا ہوا ہے۔ان تصاویر میں ملالہ کے ہمراہ اُن کے والدین اور شوہر عصر ملک بھی موجود ہیں جبکہ ملالہ بےحد خوش نظر آرہی ہیں۔ملالہ نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’بظاہر میرے پاس ڈگری ہے۔‘واضح رہے کہ امن کی نوبیل انعام یافتہ اور انسانی حقوق کی سرگرم کارکن ملالہ یوسفزئی نے 9 نومبر کو اپنے ٹوئٹر پیغام کے ذریعے انکشاف کیا تھا کہ ان کا نکاح ہو گیا ہے۔نکاح کے بعد ملالہ نے ایک مضمون میں بتایا تھا کہ اُن کی اور عصر کی پہلی ملاقات 2018 میں اس وقت ہوئی تھی جب عصر اپنے دوستوں سے ملنے آکسفورڈ آئے ہوئے تھے۔ملالہ یوسفزئی نے گزشتہ برس آکسفورڈ یونیورسٹی سے اپنی ڈگری مکمل کی تھی، تاہم اب ان کی باقاعدہ گریجویشن کی تقریب منعقد ہوئی ہے۔