بہاولنگر (بدلو نیوز ) چشتیاں کے نواحی علاقے شہر فرید میں کار سوار تین ملزمان نے نوجوان لڑکی کو اغواء کرکے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا ہے. تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع بہاولنگر میں زیادتی کا واقعہ پیش آیا ، جہاں تحصیل چشتیاں میں فرید کےعلاقے میں اغوا کے بعد لڑکی کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نواحی گاؤں کی رہائشی سولہ سالہ لڑکی اپنے بھائی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر جارہی تھی کہ کار سوار تین ملزمان نے اسلحہ کے زور پر بھائی کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے لڑکی کو اغوا کرلیا۔
پولیس کے مطابق اغوا کے بعد لڑکی کو سنسان علاقے میں لیجا کر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، پولیس نے متاثرہ لڑکی کی مدعیت میں تین ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے چشتیاں میں اغواکے بعد لڑکی سے زیادتی کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کر لی، عثمان بزدار نے ملزمان کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا متاثرہ لڑکی کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے۔
72