کراچی (بدلو نیوز ) شہر قائد میں افسوسناک واقعہ رونما ہوا ہے، جہاں نامعلوم شخص نے چھریوں کے وار کرتے ہوئے سٹی کورٹ کے وکیل کی اسسٹنٹ کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق اندوہناک واقعہ نیو کراچی سیکٹر فائیو جے میں پیش آیا، ابتدائی معلومات کے مطابق خاتون گلی سے گزر رہی تھی کہ نامعلوم شخص نے ان پر حملہ کیا اور چھریوں کے وار کرتے ہوئے شدید زخمی کردیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں، خاتون کی شناخت صبا کے نام سے ہوئی۔
پولیس نے واقعے سے متعلق اپنی ابتدائی رپورٹ میں بتایا کہ خاتون صبا سٹی کورٹ کےلئے نکلی تھی، مقتولہ سٹی کورٹ کے وکیل کی اسسٹنٹ تھی، واقعے سے متعلق اہلخانہ لاعلم ہیں۔ واقعے کے بعد نامعلوم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ، جاں بحق خاتون کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور ملزم کی کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔
83