راولپنڈی(بدلو نیوز ) آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے کورونا سے متاثر حارث رؤف کی جگہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کو اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف 4 مارچ سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے فاسٹ بولر حارث رؤف کی جگہ نسیم شاہ کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے، اس سے قبل وہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اعلان کردہ ٹریولنگ ریزرو کا حصہ تھے۔حارث رؤف کا ٹیسٹ مثبت آنے کے باعث قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل تمام ارکان کی ری ٹیسٹنگ کی گئی، ان تمام ارکان کی ری ٹیسٹنگ کے نتائج منفی آئے ہیں۔
حارث رؤف کے آج کئے گئے کورونا ٹیسٹ کا رزلٹ مثبت آیا ہے لہٰذا وہ چار مارچ سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں وہ اب پانچ روز تک آئیسولیشن میں رہیں گے، جس کے اختتام پر ان کا دوبارہ کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔ آسٹریلیاکیخلاف تاریخی سیریز کیلئے پنڈی اسٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کی بھرپور تیاریاں جاری ہے، سیریزمیں کامیابی پاکستان کو رینکنگ میں ٹاپ فائیو میں لے آئے گی جبکہ ناکامی آسٹریلیا کو پہلی پوزیشن سے محروم کردے گی۔ دوسری جانب این سی او سی نے پاک آسٹریلیا میچز میں100فیصد شائقین کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا ، این سی او سی کی جانب سے فیصلے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو آگاہ کردیاگیا ہے۔
54