چشتیاں ( بدلو نیوز ) صوبہ پنجاب کی تحصیل چشتیاں میں انسانیت سوز واقعے نے دل دہلا دیا ہے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق چشتیاں کے نواحی علاقہ ڈاہرانوالہ میں اِنسانیت سوز واقعہ پیش آیا، جہاں زرعی اراضی کو پانی لگانے کے تنازعہ پر مخالفین نے اپنے چچا زاد بھائی کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور اسے فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا۔ سفاک ملزمان کو فائرنگ کے بعد بھی رحم نہ آیا اور انہوں نے حسد کی آگ میں نوجوان کا ہاتھ کاٹ ڈالا، اس پر بھی دل کو تسلی نہ ہوئی تو ملزمان کے ساتھیوں نے زخمی نوجوان پر مزید گولیاں چلادیں۔
مقامی پولیس کے مطابق دلخراش واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر جائے حادثے پر پہنچی اور شدید زخمی نوجوان کو طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کیا ، جہاں زخمی کو طبی امداد دی جارہی ہے، ڈاکٹرز کے مطابق زخمی نوجوان کی حالت تشویشناک ہے۔ انسانیت سوز واقعے کے بعد وحشی ملزمان فرار ہوگئے، تھانہ ڈاہرانوالہ پولیس نے 4 ملزمان کےخلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
85