کراچی: (بدلو نیوز ) پی ایس ایل 7 کے نویں میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 29 رنز سے شکست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کی ٹیم لاہور قلندرز کی جانب سے دیے جانے والے 200 رنز کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بناسکی۔ حیدر علی کی 49 رنز کی جارحانہ اننگز بھی زلمی کو شکست سے نہ بچاسکی، کامران اکمل 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ حضرت اللہ زازئی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، حسین طلعت 15 رنز بنا کر زمان خان کا نشانہ بنے، شعیب ملک 7 رنز بنا کر راشد خان کو وکٹ دے بیٹھے۔ ردرفورڈ کو 21 رنز پر زمان خان نے کلین بولڈ کیا، بین کٹنگ 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، کپتان وہاب ریاض بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے زمان خان نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شاہین شاہ آفریدی اور ڈیوڈ ویزے نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، راشد خان ایک وکٹ حاصل کرسکے۔
اس سے قبل لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے تھے اور زلمی کو جیت کے لییے 200 رنز کا ہدف دیا تھا۔
قلندرز کے اوپنر فخر زمان اور عبداللہ شفیق نے 94 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا تھا، عبداللہ شفیق 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، فخر زمان نے 66 رنز کی دلکش اننگز کھیلی تھی۔ کامران غلام 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ڈیوڈ ویزے بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ محمد حفیظ 36 اور راشد خان نے 8 گیندوں پر 22 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ زلمی کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے سلمان ارشاد نے دو وکٹیں حاصل کیں، عثمان قادر اور حسین طلعت ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔ اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ لاہور قلندرز کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی تھیں، سمت پٹیل اور بین ڈنک کی جگہ ذیشان اشرف اور ڈین فوکس کرافٹ کو شامل کیا گیا تھا۔ پشاور زلمی نے چار تبدیلیاں کی تھیں، کامران اکمل، حضرت اللہ زازئی، سلمان ارشاد اور عارش خان کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔ قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس اچھی ٹیم ہے، ٹاس کا اتنا مسئلہ نہیں، زلمی کو بڑا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔ وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ پہلے میچ میں گر گیا تھا تکلیف ہے مگر بڑی انجری نہیں ہے، میچ میں اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش ہوگی۔ واضح رہے کہ لاہور قلندرز کے خلاف پشاور زلمی کو برتری حاصل ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 13 میچز کھیلے گئے، آٹھ میں پشاور نے کامیابی حاصل کی جبکہ لاہور قلندرز نے پانچ میچز جیتے۔
46