لاہور(فلم رپورٹر) معروف ڈھول نواز پپو سائیں انتقال کر گئے۔ تفصیلات کے مطابق ذوالفقار علی المعروف پپو سائیں ایک ماہ سے پاکستان کڈنی اینڈلیورانسٹیٹیوٹ میں زیرعلاج تھے۔ڈاکٹرز کے مطابق پپو سائیں کو جگر کا کینسر ہے،ان جگر 85فیصد کام کرنا چھوڑ گیا تھا۔جس کے باعث پپو سائیں کے پیٹ میں پانی بھرگیا تھا۔پپوسائیں کے اہل خانہ کے مطابق رات گئے طبیعت ناسازی کے باعث پپو سائیں کو آکسیجن پر شفٹ کیا گیا تھا تاہم اتوار کی علی الصبح وہ خالق حقیقی سے جاملے۔پپو سائیں کا اصل نام ذوالفقار علی ہے ان کو ڈھول بجانے میں بے حد مہارت حاصل تھی سینکڑوں کی تعداد میں ان شاگرد دنیا بھر میں موجود ہیں پپو سائیں نے امریکہ یورپ سمیت دنیا بھر پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے کیساتھ ڈھول بجانے کے حوالے سے ان ممالک میں لیکچر بھی دئیے ان کا نام گینز بک آف ورلڈ میں بھی شامل رہاپپو سائیں گزشتہ کئی سالوں سے لاہور میں شاہ جمال دربار میں ڈھول کے ذریعے زائرین کی توجہ کا مرکز رہے۔ان کے بے شمار شاگرد ہیں جنہوں نے ان سے ڈھول بجانا سیکھا، ان کی وفات کی خبر سن کے ان کے چاہنے والے غم میں ڈوب گئے۔
پپو سائیں کی نماز جنازہ شاہ جمال دربار میں ادا کی گئی جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔وزیر ثقافت پنجاب خیال احمد کاسترو نے ملک کے مایہ ناز ڈھول آرٹسٹ پپو سائیں کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پپو سائیں بین الاقوامی شہرت یافتہ ڈھول نواز تھے۔ اللہ تعالی پپو سائیں کے درجات بلند کرے۔ اللہ تعالی پپو سائیں کے لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔ عالمی شہرت یافتہ ڈھول آرٹسٹ پپو سائیں کا انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل ثمن رائے نے کہا ہے کہ مرحوم نے تمام عمر فن کی خدمت کی جسے مدتوں یاد رکھا جائے گا۔ ثمن رائے نے کہا کہ مرحوم کی روح کے ایصال ثواب اوردرجات کی بلندی کے لئے دعا۔ پپو سائیں نے دنیا بھر میں پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر کیا.بین الاقوامی سطح پر بھی ڈھول کے ذریعے صوفیا کا پیغام پہنچایا۔
56