بیجنگ (ویب ڈیسک) جرمن کار ساز کمپنی مرسیڈیز بینز نے حفاظتی انتظامات میں نقص کے باعث چین سے 12 ہزار کے قریب ایس کلاس گاڑیاں واپس منگوانے کا عمل شروع کردیا۔ شنگھائی ڈیلی کے مطابق چین سے مجموعی طور پر حفاظتی خدشات کے باعث 11 ہزار 997 ایس کلاس گاڑیاں واپس منگوائی جا رہی ہیں۔ مرسیڈیز بینز نے 9 جون 2021 سے 6 جولائی 2021 کے درمیان تیار کردہ 755 درآمدی گاڑیاں، 7 اکتوبر 2020 سے 11 فروری 2021 کے درمیان تیار کردہ 118 درآمدی کاریں اور 3 اگست 2020 سے 15 مارچ 2021 کے درمیان تیار کردہ 11 ہزار 124 درآمدی گاڑیاں واپس لینے کا عمل شروع کیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تین کھیپوں کو اس لیے واپس منگوایا جا رہا ہے تاکہ ان میں ہونے والے نقص کو دور کیا جاسکے۔ جو گاڑیاں 9 جون 2021 سے 6 جولائی 2021 کے دوران چین بھیجی گئیں ان کے فیول ٹینک میں خرابی ہے۔ 7 اکتوبر 2020 سے 11 فروری 2021 تک اور 3 اگست 2020 سے 15 مارچ 2021 کے دوران درآمد کی گئی گاڑیوں میں مسافر نشست کے پاؤں کی طرف کچھ خرابی ہے جس کے باعث گاڑی میں آگ لگ سکتی ہے اور ایئر بیگز کھلنے میں بھی مسائل آسکتے ہیں۔ کمپنی کی جانب سے ان گاڑیوں میں موجود نقائص دور کرنے کے بعد انہیں واپس مالکان کے حوالے کردیا جائے گا۔
58