سان فرانسسکو (ویب ڈیسک ) انسٹاگرام نے ایپ پر غیرضروری وقت گزارنے والے صارفین کےلیے پاپ اپ کے تحت وقفے کا نیا آپشن پیش کردیا ہے۔ انسٹاگرام نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بازبرس سے ایک دن پہلے ہی اس کا اعلان کیا ہے جس میں مزید کچھ آپشنز بھی شامل ہیں۔ پہلے اسے امریکہ اور برطانیہ میں پیش کیا جارہا ہے۔ اس کے بعد کینیڈا اور آسٹریلیا سمیت دنیا کے تمام صارفین کے لیے اسے پیش کردیا جائے گا۔
صارف سیٹنگز میں جاکر اس آپشن کو کھول سکتے ہیں۔ اس طرح 10 منٹ، 20 منٹ اور 30 منٹ استعمال کی حد لگاسکتے ہیں۔ آپشن کھولنے کے بعد پورے اسکرین پر اسکرین الرٹ آجاتا ہے جو ایپ کو بند کرنے سے متعلق پوچھتا ہے۔ اس کے بعد آپ انسٹاگرام سے کچھ دیر کےلیے دور ہوجائیں گے اور دیگر کام کرسکیں گے۔ تاہم انسٹاگرام کے ترجمان نے کہا ہے کہ یہ آپشن نوعمر (ٹین ایج) لڑکے لڑکیوں کے لیے پیش کیا گیا ہے۔ ایسے کئی مطالعات سامنے آئے ہیں کہ ان میں انسٹاگرام استعمال کرکے وقت برباد کرنے والوں کی شرح بہت بلند ہے اور ماہرینِ نفسیات نے اسے نئے عوارض سے وابستہ بھی کیا ہے۔ اس طرح اب انسٹاگرام استعمال کرنے کی حد کا تعین کیا جاسکتا ہے۔ کمپنی نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ ویڈیو، پوسٹ اور تصاویر کی بڑی تعداد کو ایک ساتھ ڈیلیٹ کرنے کے آپشن پر بھی غور کررہی ہے۔
59