67

فیس بک کے بڑے شیئر ہولڈر کی جانب سے واٹس ایپ ہیک کرنے والی کمپنی میں سرمایہ کاری کا انکشاف

Spread the love

نیویارک(ویب ڈیسک) ارب پتی شخص پیٹر تھیئل نے ایک طرف فیس بک میں کثیر سرمایہ کاری کر رکھی ہے اور دوسری طرف ان کے متعلق یہ حیران کن انکشاف منظرعام پر آ گیا ہے کہ انہوں نے فیس بک کی ذیلی کمپنی ’واٹس ایپ‘ کو ہیک کرنے کے لیے بھی ایک کمپنی کو سرمایہ فراہم کیا تھا۔ ویب سائٹ ’پرو پاکستانی‘ کے مطابق یہ کمپنی ہیلکیون ہے جو سائبر سکیورٹی پراڈکٹس بنانے والی امریکی کمپنی بولڈنڈ(Boldend)کی ملکیت ہے۔

بولڈنڈ کا ہیڈآفس سین ڈیاگو میں ہے، جس میں پیٹر تھیئل نے سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ چند سال قبل جاسوسی کی پراڈکٹس بنانے والی اسرائیلی کمپنی ’این ایس او گروپ‘ پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ اس نے واٹس ایپ کو ہیک کیا ہے اور سینکڑوں بڑی شخصیات کے فونز میں وائرس داخل کرکے معلومات چوری کی ہیں تاہم اس نئے انکشاف میں معلوم ہوا ہے کہ واٹس ایپ صرف این ایس او گروپ ہی نہیں بلکہ امریکی کمپنی ’بولڈنڈ‘ بھی ہیک کر چکی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بولڈنڈ نے کئی ایسے ہیکنگ ٹولز تیار کر رکھے ہیں جو واٹس ایپ کی سکیورٹی کو بائی پاس کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ان ٹولز کی ’افادیت‘ کے پیش نظر بولڈنڈ کے کلائنٹس میں خود امریکی حکومت بھی شامل ہے۔ بولڈنڈ کے متعلق یہ انکشاف امریکی ڈیفنس کنٹریکٹر ریتھیون کی طرف سے ایک پریزنٹیشن میں کیا گیا ہے۔ اسی پریزنٹیشن میں یہ انکشاف ہوا کہ پیٹر تھیئل فیس بک کے ساتھ ساتھ بولڈنڈ کے سرمایہ کار بھی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں